انگلش ٹی ٹونٹی: سعید اجمل کا کھویا ہوا ”جادو“ واپس آگیا

ہفتہ 13 جون 2015 11:52

انگلش ٹی ٹونٹی: سعید اجمل کا کھویا ہوا ”جادو“ واپس آگیا
چیسٹر لی سٹریٹ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13جون ۔2015ء ) پابندی کے بعد نئے ایکشن کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کرنے والے آف سپنر سعید اجمل کا پرانا ’’ جادو ‘‘ ایک بار پھر واپس آگیا اور انہوں نے انگلش ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم وورسٹر شائر کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔

تفصیلات کے مطابق انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں وورسٹر شائر اور ڈرہم کی ٹیمیں چیسٹر لی سٹریٹ پر آمنے سامنے آئیں ۔ وورسٹر شائر نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 159رنز بنا کر ڈرہم کو جیت کیلئے 160رنز کا ہدف دیا ۔

(جاری ہے)

ڈرہم کی اننگز کا آغاز شاندار تھا اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ باآسانی یہ ہدف حاصل کر لے گی تاہم سعید اجمل نے اپنا پرانا ’’جادو‘‘ دکھاتے ہوئے پہلے اننگز کاچوتھا اوور میڈن کیا اور اس کے بعد13ویں اوور میں سیٹ بلے باز فل مسٹرڈ کو آؤٹ کرنے کے بعد اسی اوور میں ریان پرنگل کو پوویلین بھیج کر وورسٹر شائر کو میچ میں واپس لائے ۔

ڈرہم کو آخری تین اوور میں جیت کے لیے30رنز درکار تھے جب وورسٹر شائر کے کپتان ڈیرل مچل نے گیند پھر اجمل کو تھمائی جنہوں نے عثمان ارشد کو آؤٹ کر کے ڈرہم کی میچ جیتنے کو رہی سہی امیدیں بھی ختم کر ڈالیں اور وورسٹر شائر نے مقابلہ 3رنز سے اپنے نام کر لیا ۔ سعید اجمل نے میچ میں 4اوورز میں 16رنز دے کر 3کھلاڑی آؤٹ کیے جو باؤلنگ ایکشن کی تبدیلی کے بعد ان کی بہترین پرفارمنس ہے ۔