القسام کے زیر انتظام گرمائی کیمپوں کیلئے طلباء کی رجسٹریشن کا عمل جاری

ہفتہ 13 جون 2015 12:26

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے موسم گرما کے آزادی کے ہراول دستے کے زیر عنوان گرمائی کیمپوں کیلئے طلباء کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں طلباء حصہ لے رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں پچھلے سال گرمائی کیمپوں میں حصہ لینے واطے طلباء کی تعطیلات میں منعقد ہونیوالے کیمپوں میں سرگرمیوں کو پیش کیا گیا، اس موقع پر القسام کے ترجمان کی جانب سے لاؤڈ سپیکر پرگرمائی کیمپوں میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کی رجسٹریشن کیلئے اعلانات بھی کئے جاتے رہے ،اس موقع پر نمائش میں طلباء کو عسکری لباس زیب تن کئے دکھایا گیا ہے جن پر القسام بریگیڈ کے سلوگن نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

طلباء ان مجاہد کیمپوں میں لاٹھی کے استعمال اور ہلکے ہتھیاروں کی تربیت بھی حاصل کرتے ہیں۔القسام بریگیڈ کی جانب سے بتایا گیاہے کہ موسم گرما کے آزادی کے ہراول دستے کے عنوان سے یہ کیمپ چار مراحل میں منعقد کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 15 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے کیمپ لگائے جائینگے۔ دوسرے مرحلے میں 18 تا 25 سال اور تیسرے مرحلے میں 25 سال سے زائد عمرکے افراد کے کیمپ لگیں گے۔ ان کیمپوں کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا۔