Live Updates

افتخار محمد چودھری کا عمران خان کے خلاف 20 ارب ہرجانہ کیس ؛ عدالت میں دائر متفرق درخواست پر فیصلہ محفوظ ، سماعت 27 جون تک ملتوی

ہفتہ 13 جون 2015 13:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 20 ارب ہرجانہ کیس میں عدالت میں دائر متفرق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی ۔ ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ( قائم مقام ) کامران بشارت مفتی نے کیس کی سماعت کی عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ مدعی کے وکلاء نے ان وکالت نامہ پر اعتراض اٹھایا ہے حالانکہ وہ اس کیس میں فریق نہیں بلکہ صرف وکیل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالت 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کیس کی سماعت نہیں کر سکتی۔ اس حوالہ سے ہم نے ایک درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس پر نہ عدالت نے حکم جاری کیا اور نہ ہی مدعی کے وکلاء کی جانب سے کوئی جواب آیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید موقف اپناتے ہوئے کہا کہ عدالت ہمیں وقت دے تاکہ عدالت کے اختیارات کو اور گزشتہ سماعت پر جرمانے کی سزا کے حوالے سے ہائی کورٹ میں معاملہ اٹھا سکے ۔

افتخار محمد چودھری کے وکیل شیخ احسن عدیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے ڈاکٹر بابر اعوان کے وکالت نامہ پر اعتراض کی درخواست دائر کر رکھی ہے لیکن عدالتی احکامات کے باوجود اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے حالانکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بابر اعوان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے آخری موقع دیا تھا ۔ بعدازاں عدالت نے متفرق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آئندہ سماعت 27جون تک ملتوی کر دی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :