آزادکشمیرکا بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا، عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتیں فراہم ہونگی،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 13 جون 2015 15:21

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکا حالیہ بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔آزادکشمیر کے عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتیں فراہم ہونگی۔بجٹ میں اپوزیشن سمیت تمام ممبران اسمبلی کو مساوی ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔آزادکشمیرکا حالیہ بجٹ خطے کو تعمیروترقی کے ایک نئے ٹریک پر لے آئے گا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر یہاں ایوان وزیر اعظم میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعمیروترقی کے لیے جو جامع حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے اس سے دور دراز پسماندہ پہاڑی علاقوں کے عوام کو بھی شہر جیسی سہولتیں مہیا ہوسکیں گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ شہر اور دیہات کی تفاوت کو ختم کر دیا ہے۔

اب آزادکشمیر بھر کے عوام یکساں جدید سہولتوں سے مستفید ہونگے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ میں اپوزیشن سمیت تمام مکتبہ فکر سے تجاویز مرتب کی گئی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں تعمیر وترقی اور معاشی خوشحالی کے جو اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔پیپلز پارٹی اپنے ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر عوامی عدالت میں سرخرو ہوگی۔

تحریک آزادی کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے ۔اسے صحیح معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنا دیا ہے۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔آج مسئلہ کشمیر دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے بھارتی قبضے کو مسترد کر رکھا ہے اور بھارتی سنگینوں تلے پاکستانی پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔بھارت کے خلاف عالمی سطح پر جنگی جرائم میں مقدمات درج کرائیں گے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے انتہا پسند حکمران جنگی جنون میں مبتلا ہیں ۔پاکستان کے خلاف بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہونگی اور بھارتی حکمران اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہونگے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جو جدوجہد آزادی جاری رکھی ہوئی ہے وہ کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو کر رہے گی۔

متعلقہ عنوان :