رمضان المبارک کی آمد‘ آمد ہے ہمیں استقبال رمضان کی تیاریاں کرنی چاہئیں

اور ماہ صیام کا مکمل احترام ہم سب پر فرض ہے،کوارڈی نیٹر جٹ فاؤنڈیشن

ہفتہ 13 جون 2015 18:21

فیصل آباد۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) رمضان المبارک کی آمد‘ آمد ہے ہمیں استقبال رمضان کی تیاریاں کرنی چاہئیں اور ماہ صیام کا مکمل احترام ہم سب پر فرض ہے‘ کوشش کریں کہ پورا مہینہ احکام الٰہی کی مکمل پیروی کرتے ہوئے سارا وقت اللہ کی عبادت میں گزاریں‘ ان خیالات کا اظہار جٹ فاؤنڈیشن کے اجلاس سے کوارڈی نیٹر چوہدری معیز احمد نے جٹ فاؤنڈیشن کے ممبر عمراقبال کی رہائش گاہ پر منعقدہ ماہانہ اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا اجلاس میں شریک ممبران سے کہا کہ اپنے دل کو حسد‘ کینہ سے پاک کر کے قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرو تاکہ ہم آخرت میں فلاح پا سکیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس جنرل ہسپتال و ممبر جٹ فاؤنڈیشن ڈاکٹر خالد محمود فخر نے کہا کہ ہمیں والدین کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنی چاہئے کیونکہ والدین کی خدمت کرنے سے جنت کے دروازے ہم پر کھل جاتے ہیں‘ والدین کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آؤ ‘ اگر وہ کسی بات پر ہمیں ڈانٹ بھی دیں تو انہیں اف تک نہ کہو اور ان کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آؤ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقوق العباد کا خاص خیال رکھنا چاہئیں‘ خصوصا ہمیں ہمسایہ کی مکمل دیکھ بھال کرنی چاہئے کیونکہ یہ حکم خداوندی بھی ہے۔ اجلاس کے آخر میں میزبان عمر اقبال نے جٹ فاؤنڈیشن کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگ یہاں آئے اور مجھے عزت دی اس کے لئے میں آپ سب کا ممنون ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہماری نوجوان نسل صحیح سمت میں چل نکلی ہے اور اللہ کی مخلوق کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتی ہے‘ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے ہر اچھے اور نیک کام میں شانہ بشانہ چلوں اور اس کیلئے میرا تن‘ من‘ دھن سب حاضر ہیں۔

متعلقہ عنوان :