پاکستان اور سری لنکا پریذیڈنٹ الیون کے درمیان سہ روزہ میچ ڈرا ہوگیا

ہفتہ 13 جون 2015 18:23

پاکستان اور سری لنکا پریذیڈنٹ الیون کے درمیان سہ روزہ میچ ڈرا ہوگیا

کولمبو ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان اور سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے درمیان کھیلا گیا تین روزہ ٹور میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ تیسرے اور اختتامی روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 257 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، شان مسعود نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اظہر علی 48 اور یونس خان 35 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ جبکہ اسد شفیق 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

کپتان مصباح الحق 29 ، سرفراز احمد صفر اور وہاب ریاض 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جیفری وینڈرسے نے 3 جبکہ نسالا گاماگے اور بنورا فرنانڈو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگز میں چھ رنز کی برتری کی وجہ سے پاکستان نے میزبان سائیڈ کو جیت کیلئے 264 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ اپل تھرنگا 50 اور دیمتھ کرونا رتنے 54 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔ جیہان مبارک کو 16 کے انفرادی سکور پر احسان عادل نے آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جون تک گال میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :