پنجاب کے بجٹ میں گندم پر دس ارب روپے کی سبسڈی ، پانچ ارب روپے کا رمضان پیکیج

ٹرانسپورٹ پر 3.5 ارب روپے کی سبسڈی اور مفت ادویات کی فراہمی کیلئے 10.8 ارب روپے مختص کئے گئے

ہفتہ 13 جون 2015 18:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حکومت پنجاب نے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں صوبہ کے عوام کو نمایاں رعایتیں فراہم کی ہیں جن میں گندم پر دس ارب روپے کی سبسڈی ، پانچ ارب روپے کا رمضان پیکج، ٹرانسپورٹ پر 3.5 ارب روپے کی سبسڈی اور مفت ادویات کی فراہمی کے لئے 10.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔حکومت پنجاب نے غریب اور کم آمدنی والے افراد کو معاشی و سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے ۔

یہ اتھارٹی 2ارب روپے کی لاگت سے اپنا پہلا منصوبہ شروع کر رہی ہے جس کے تحت معذور افراد کی امداد اور ان کی معاشی وسماجی بحالی کے لئے ماہانہ وظائف دیئے جائیں گے ۔ حکومت خود روزگار سکیم کے تحت ادارہ اخوت کو 2 ارب روپے بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لئے فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 2 ارب روپے کی لاگت سے ہیلتھ انشورنس بھی شروع کی جائے گی۔ حکومت لاوارث اور بے سہارا بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ تعمیر کر رہی ہے ۔

رحیم یار خان میں زیر تعمیر انسٹی ٹیوٹ اسی ماہ مکمل ہو جائے گا۔ بہاولپور ، ساہیوال میں26 کروڑ روپے کی لاگت سے اداروں کی تعمیرشروع ہو چکی ہے اس کے علاوہ ملتان ، لودھراں، پاکپتن، قصور، لیہ ، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں بے سہارا خواتین کے لئے دارالامان قائم کئے جائیں گے ۔ سپیشل افراد کی فلاح و بہبود پر بھی حکومت پنجاب کی خصوصی توجہ ہے اور صوبہ میں 250 اداروں میں 29 ہزار خصوصی طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں رہائش، کھانا، امدادی آلات اور یونیفارم مفت فراہم کئے جاتے ہیں اور وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :