مضر صحت اور غیر رجسٹرڈادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم تیزی سے جاری ہے،ڈرگ کنٹرولر طارق مسعود شاہ

ہفتہ 13 جون 2015 19:26

اٹک ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر طارق مسعود شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ٹاسک فورس کے تحت عطائیوں اور غیر قانونی طور پر مضر صحت اور غیر رجسٹرڈادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر عدنان اسلم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ایسے افراد جو کہ غیر قانونی طور پر کلینک چلا رہے یا غیر قانونی طور پر ادویات فروخت کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کاروئی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ ماہ ڈرگ کورٹ راولپنڈی نے اٹک شہر کے دو عطائیوں کو دو دو سال قید با مشقت اور پچاس پچاس ہزار روپے کے جرمانے سزائیں سنائیں ہیں۔ گزشتہ ایک سال کی مدت میں 822مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں سے 23مقامات پر زائد المیعاد ادویات پائی گئیں 86مقامات پر ڈرگ لائسنس موجود نہیں تھے جبکہ 48مقدمات ڈرگ کورٹس کو بھجوائے گئے جن میں سے 28کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ مختلف مقدمات میں 11لاکھ سے زائد کا جرمانہ وصول کیا گیا۔