`دہشتگردی اور تخریب کاری کی پشت پر امریکہ اور بھارتی گٹھ جوڑ ہے‘ لیاقت بلوچ

پوری قوم بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی،وزیراعظم خارجہ محاذ پر کردار ادا کرنے کے لیے فوری وزیر خارجہ مقرر کریں، ورکرز کنونشن سے خطاب `

ہفتہ 13 جون 2015 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دہشتگردی اور تخریب کاری کی پشت پر امریکہ اور بھارتی گٹھ جوڑ ہے ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اشتعال انگیزی پاکستان توڑنے اور پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف جرم ہے ۔ پوری قوم بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی ۔

وزیراعظم نوازشریف خارجہ محاذ پر کردار ادا کرنے کے لیے فوری طور پر وزیر خارجہ مقرر کریں ۔ مودی کیخلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ قرارادادیں قابل تحسین ہیں ۔ قومی قیادت کو بھی قومی سلامتی اور بھارتی جارحیت کے جواب کے لیے یک آوازہوناچاہیے ۔ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور بھارتی اشتعال انگیزیوں کو موثر طریقے سے اٹھایا جائے ۔

(جاری ہے)

لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیا قت بلوچ نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری خطہ میں ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے ۔ پاکستان دشمن قوتیں اس کے خلاف سازشوں کا جال پھیلارہی ہیں ۔ قومی قیادت نے اتفاق رائے کاظہار کردیاہے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قومی اتفاق رائے قائم رکھنے کے لیے تمام صوبوں اور آئینی اداروں کو متحرک رکھا جائے اور اعتماد اور اطمینان بحال رکھا جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی بجٹ عام آدمی کے لیے مہنگائی ، بے روزگاری ، خود کشیوں میں اضافہ کا باعب بنے گا ۔ قومی بجٹ غریب کی بجائے مراعات یافتہ طبقہ کا بجٹ ہے ۔ بجٹ میں تعلیم ، صحت ، روزگار کی سہولیات نظر انداز کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نج کاری کے ذریعے قومی اداروں کی بندر بانٹ کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ قومی اداروں کی پروفیشنلز اور تکنیکی اعتبار سے بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر میں غریب اور عام آدمی کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے زبردست عوامی رابطہ تحریک چلائے گی ۔ `

متعلقہ عنوان :