Live Updates

صوبے کی قد آور سیاسی شخصیات صوبائی حکومت کے ایجنڈے سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں،پرویزخٹک

پی ٹی آئی میں شامل ہر فرد کو صوبے میں حق اورانصاف کا بول بالا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 13 جون 2015 22:34

صوبے کی قد آور سیاسی شخصیات صوبائی حکومت کے ایجنڈے سے متاثر ہو کر پی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) چارسدہ کی معروف سیاسی شخصیت اور پاکستان پیپلز پارٹی چارسدہ کے صدر محمد نعیم خان عمرزئی نے وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ان سے صوبے کی سیاسی صورتحال اور خصوصاً بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اﷲ آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نعیم خان عمر زئی کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ تاہم پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان وہ آئندہ ہفتے بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چارسدہ کے رہنماء نعیم خان عمر زئی کو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ان اقدامات پر روشنی ڈالی جو صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں عام آدمی اور خصوصاً غریب اور کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کیلئے کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی قد آور سیاسی شخصیات صوبائی حکومت کے ایجنڈے سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں جو پاکستان تحریک انصاف اور صوبے کے عوام کیلئے حوصلہ افزاء بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہر فرد کو صوبے میں حق اورانصاف کا بول بالا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو عوام کا اعتماد حاصل ہے جس کا انہوں نے دو سال کے اندر دوسری بار ووٹ کے ذریعے برملا اظہار کیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :