بجٹ میں جنوبی پنجاب کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے، صوبائی وزیر بہبود

ہفتہ 13 جون 2015 22:41

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون احمد سلطان بخاری اور وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے بجٹ 2015-16 کی اہم اور نمایاں خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے جس کی عکاسی کل ترقیاتی بجٹ کا 36 فیصد اس خطے کے لئے مختص کرنے سے ہوتی ہے - یہ بجٹ پنجاب کی آبادی میں اس خطے کے حصے کی نسبت 4 فیصد زیادہ ہے - انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے تعلیمی سیکٹر کو عروج دیا گیا ہے جس میں نمایاں طور پر رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ، ملتان میں محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر کا قیام، بہاولپور میں یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا قیام، ملتان میں جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی اور غربت میں تخفیف کے متعدد پراجیکٹ شامل ہیں - انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں جدید ترین اردگان ہسپتال، بہاولپور میں آئی سی یو اور کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری بلاک جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں غیر دستیاب سہولیات فراہم کر کے اسے ٹیچنگ ہسپتال کے درجے پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ آبپاشی کی مختلف سکیموں کو بھی تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا تا کہ آمد و رفت کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے -

متعلقہ عنوان :