میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کے بیشتر مسائل از خود حل ہوجائینگے،اسد قیصر

ہفتہ 13 جون 2015 22:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کے بیشتر مسائل از خود حل ہوجائینگے۔ وہ یونین کونسل یعقوبی صوابی کے آزاد ضلعی کونسلر سید عنایت علی شاہ کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر انور حقداد خان‘ شاد علی‘ امیر محمد خان خادم اور پروفیسر سید شوکت علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔

سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کا خاتمہ کر کے دم لے گی انہوں نے کہا کہ علاقے میں ویمن یونیورسٹی‘ گجو خان میڈیکل کالج‘ صوابی یونیورسٹی‘ سپورٹس کمپلیکس اور نئی سڑکوں کا جال بچھا کر عوام کی محرومیاں ختم کرنے میں ایک مثبت اور اہم قدم اٹھایا ہے انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ضلع میں ہملیٹ اور گلہ کے مقامات پر عالمی معیار کے پارکوں کی تعمیر شروع کی گئی ہے جبکہ صوابی بائی پاس کی تعمیر اور گیس کی فراہمی کے مسائل اسی سال حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی سپیکر صوبائی اسمبلی نے یوسی یعقوبی کیلئے پانچ ٹرانسفارمر اور قاسم کلے اور شاداد کلے میں پلوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا جبکہ گورنمنٹ مڈل سکول یعقوبی کو نان ڈویلپمنٹل بیس پر اپ گریڈ کر کے ہائی کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں سید عنایت علی شاہ کی شمولیت کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی علاقے میں ایک مضبوط جماعت بن کر ابھرے گی۔ اس موقع پر سید عنایت علی شاہ باچہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کی قیادت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کی ترقی میں سپیکر اسد قیصر کی شانہ بشانہ ساتھ دینگے۔ سید عنایت علی شاہ باچہ نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں علاقے کو پسماندہ رکھا گیا اسی وجہ سے علاقے کہ عوام نے احساس محرومی نے جنم لیا بعدازاں سپیکر اسد قیصر نے سید عنایت علی شاہ باچہ کے ہجرے پر پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرایا۔