دھاندلی کیخلاف چیمپین اب دھاندلی کے چیمپین بن گئے ، حافظ حسین احمد

ارض حرمین کا تقدس ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے ، قوم کو سودی نظام کے شکنجے سے نکالنے کی ضرورت ہے ، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 13 جون 2015 22:48

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق سینٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے قریب رہا ہے اور پاکستانی عوام بھی مملکت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ سرزمین حرمین کا تحفظ ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے ۔ پاکستان کا حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا جاری کردہ ہے ۔

خیبر پختون خوامیں بلدیاتی نہیں بلکہ عدالتی انتخابات تھے جو عمران خان نے ڈنڈے کے زور پر کروائے ۔ حافظ حسین احمد جنوبی افریقہ میں کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس وطن جاتے ہوئے عمرہ کی غرض سے مملکت پہنچے ۔ صحافیوں سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا موڈ پاکستان کے خلاف بولنے سے ہی بنتا ہے لیکن انہیں یہ سودا مہنگا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

بعض انتہاء پسند وزیر و مشیر انہیں غلط راہ دکھا تے ہوئے پاکستان سے الجھنے کا مشورہ دے رہے ہیں جو انکے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ ہندوستان کے ماضی کے حکمرانو ں کا رویہ کچھ اور تھا جو کہا کرتے تھے کہ پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن موجود ہ حکومت انتہائی غیر مناسب بیانات جاری کر کے اپنے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے انکا یہ عمل خطے کیلئے بھی درست نہیں ہو گا ۔

موجودہ صورتحال میں سر د جنگ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے جسے کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ مودی نے بنگلہ دیش میں اپنی کارکردگی بیان کر کے بین الاقوامی طور پر اسے ثابت کردیا کہ انکا کیا کردار رہا جسے ہم برسوں سے کہتے چلے آرہے تھے انہو ں نے وہی بات بہ زبان خود سب کے سامنے کہہ دی ۔ حافظ حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج دنیا کی مانی ہوئی فوج ہے جسے آزمانا نادانوں کی نادانی ہو گی ۔

پاکستان کے بجٹ کے حوالے سے سوال پر انکا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ پاکستان کا نہیں بلکہ یہ تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا تیار کردہ بجٹ ہے جسے ہمارے حکمرانوں نے صرف پیش کیا ہے ۔ جب تک ملک سے سودکی لعنت کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہم اسلامی معاشی نظام کے ثمرات سے مستفیض نہیں ہو سکیں گے ۔ سودی نظام کے شکنجوں میں پوری قوم جکڑی ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سب سے پہلے اس طوق کو اتار پھینکا جائے ۔ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حافظ حسین احمد کا کہناتھا کہ عمران خان جو دھاندلی کے خلاف چیمپین بنے ہوئے تھے اب دھاندلی کے چیمپین بن گئے ہیں ۔ انہو ں نے کے پی کے میں ڈنڈے کے زور پر انتخابات کر وا کر دھاندلی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔