آئندہ مالی سال کیلئے مقرر کردہ 72ارب کے ٹارگٹ سے 8ارب اوپر جائیں گے ‘ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی

مالی سالی 2016-17ء میں 100ارب روپے تک جانے کا ٹارگٹ ہے ،لیکجز روکنے کیلئے اصلاحات لائی جارہی ہیں ‘ راحیل صدیقی

اتوار 14 جون 2015 12:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء ) چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ نہ صرف آئندہ مالی سال کیلئے مقرر کردہ 72ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کرینگے بلکہ وصولی ہدف سے 8ارب اوپر جائیں گے ، مالی سالی 2016-17ء میں 100ارب روپے تک جانے کا ٹارگٹ ہے ، حکومت نے ٹیکس چوری روکنے کے لئے خصوصی انعامی سکیم شروع کرنے کی تجویز بھی دی ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا ۔

ایک انٹر ویو میں چیئرمین پی آر اے ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب آدمی پر کسی طرح کا بوجھ نہیں ڈالا گیا ۔ بلکہ چھوٹا کاروبار کرنے والوں کو بھی سہولتیں دی گئی ہیں ۔ انفارمل سیکٹر کو تیزی سے رجسٹرڈ کیا جارہا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ رضاکارانہ طور پر خود کو رجسٹرڈ کرا ئیں ہم انہیں سہولتیں دیں گے جب لوگ ٹیکس دیں گے تو ہم بھی ٹیکس ریٹ میں کمی کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریکوری کے نظام میں لیکجز ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے اصلاحات لائی جارہی ہیں ۔ ہمیں آئے ہوئے ابھی صرف تین سال ہوئے ہیں اپنی کوتاہیاں دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے 72ارب کا ٹارگٹ ہے ہم انشا اللہ نہ صرف اس ٹارگٹ کو حاصل کرینگے بلکہ وصولی ہدف سے 8ارب اوپر جائیں گے ۔ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ اسکے اس سے اگلے مالی سال 2016-17ء میں اس ٹارگٹ کو 100ارب تک لے کر جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹر اکچر ڈویلپمنٹ سیس سے حکومت کو پانچ ارب روپے آمدنی حاصل ہو گی ۔پنجاب میں اس ٹیکس کی شرح 0.9فیصد مقرر کی گئی ہے ۔اس ٹیکس کو پنجاب میں ڈرائی پورٹس پر درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان پر عائد کیا گیا ہے اور اس ٹیکس سے حاصل ہونے والا ریو نیو انہی ٹیکس گزاروں کو سہولیات دینے پرخرچ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :