Live Updates

حکومت کی ملک بھرمیں متفقہ طور پر ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز اور عید منانے کیلئے کوششیں

رمضان المبارک اور عید الفطر کی رویت ہلال کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ مشاورت اور تعاون کریں، ضرورت پڑی تو اس سلسلے میں تمام مسالک کے علماء کا اجلاس طلب کیا جائے گا وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف کا صوبائی وزیر اوقاف اور جید علمائے کرام سے رابطہ، رمضان المبارک کے ایک ساتھ آغاز کے لیے تعاون کی اپیل

اتوار 14 جون 2015 14:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء ) حکومت نے ملک بھرمیں متفقہ طور پر ایک ہی دن رمضان المبارک کے آغاز اور ملک بھر میں ایک روز عید منانے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔اس سلسلے میں وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے خیبر پختونخوا کے علماء سے رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد کی اپیل کی ہے۔وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف حبیب الرحمن اور صوبے کے جید علمائے کرام سے رابطہ کیا اورملک بھر میں رمضان المبارک کے ایک ساتھ آغاز کے لیے تعاون کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

سردار یوسف نے علماء پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک اور عید الفطر کی رویت ہلال کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ مشاورت اور تعاون کریں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو اس سلسلے میں تمام مسالک کے علماء کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس چاند دیکھنے کا جدید اورقابل بھروسہ نظام موجود ہے۔یاد رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس بدھ 17 جون کو چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرِصدارت محکمہ موسمیات کے آفس پر منعقد ہوگا۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :