سبزیاں حیاتین اور معدنی نمکیات کے حصول کا موثر ذریعہ ہیں، زرعی ماہرین

اتوار 14 جون 2015 14:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ سبزیاں حیاتین اور معدنی نمکیات کے حصول کا نہایت سستا اور بہترین ذریعہ ہیں۔ ماہرین خوراک کے مطابق ہماری روزمرہ خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350 گرام فی کس سے زیادہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ہاں سبزیوں کا فی کس روزانہ استعمال محض 120 گرام ہے۔ گویا سبزیوں کا استعمال موجودہ مقدار سے کم از کم 3 گنا زیادہ ہونا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں 60 فیصد سے زائد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے جو کہ ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے دیہاتوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ہمارے ہاں سبزیوں کا رقبہ بڑے بڑے شہروں اور قصبوں کے ارد گرد محدود ہے۔ مزید یہ کہ سبزیوں کا استعمال شہری آبادیوں میں زیادہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ کاشتکار جن کے پاس زمین اور دیگر پیداواری وسائل موجود ہیں اور تھوڑی سی محنت سے اپنے ہاں سستی اور غذائیت سے بھرپور سبزیاں بھاری مقدار میں پیدا کر سکتے ہیں وہ سبزیوں کی کاشت اور روز مرہ استعمال پر بہت ہی کم توجہ دیتے ہیں۔

ہمارے ملک میں لوگ صرف اناج (گندم، چاول، مکئی) کو ہی خوراک سمجھتے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کو اناج کے نعم البدل کے طور پر استعمال نہیں کرتے۔ علاوہ ازیں غیر متوازن غذا کے استعمال کی وجہ سے پیٹ، جلد اور آنکھوں کی ان گنت بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں۔ان عوامل کے پیش نظر اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ کم سے کم رقبہ سے زیادہ سے زیادہ خوراک پیدا کی جائے۔