مردہ اور گدھے کا گوشت فروخت ہونے کے واقعات سامنے آنے کے بعد بڑے گوشت کی فروخت میں 40سے 50فیصد ریکارڈ کمی

لاگت بھی پوری نہیں ہوتی،گھناؤ نا کاروبار کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے نئی قانون سازی کی جائے ‘ دکانداروں کا مطالبہ حالیہ چند ماہ میں برائلر گوشت کی طلب 30فیصد بڑھنے سے قیمتوں میں 100سے 130روپے تک اضافہ کیا گیا

اتوار 14 جون 2015 16:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر مردہ اور گدھے کا گوشت فروخت ہونے کے واقعات سامنے آنے کے بعد بڑے گوشت کی فروخت میں 40سے 50فیصد ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے ، حالیہ چند ماہ میں برائلر گوشت کی فروخت 30فیصد بڑھنے سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ۔مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مردہ اور گدھے کا گوشت فروخت کرنے کے واقعات میڈیا میں آنے کے بعد بڑے گوشت کی فروخت میں بڑے پیمانے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

اس ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام اتنے محتاط ہو گئے ہیں کہ حفظان صحت کے تمام لوازمات پورے کرنے کے باوجود بڑے گوشت کی دکانوں پر آنے والے 20میں سے بمشکل 5سے 7گاہک بڑے گوشت کی خریداری کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ذرائع نے بتایا کہ ان واقعات کے بعد بڑے گوشت کی فروخت میں 40سے 50فیصد کمی دیکھی گئی ہے جسکے باعث خرید کر لائے جانے والے جانور کی لاگت بھی پوری نہیں ہوتی ۔

بڑے گوشت کا کاروبار کرنے والوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھناؤنے کاربار میں ملوث مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کے لئے نئی قانون سازی کی جائے ۔ دوسری طرف بڑے گوشت کی فروخت میں ریکارڈ کمی کے بعد چند ماہ میں برائلر کی فروخت میں 30فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جسکے باعث طلب بھی بڑھ گئی ہے ۔ بتایاگیا ہے طلب بڑھنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برائلر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جس میں گزشتہ چند ماہ میں 100سے 130روپے فی کلو تک اضافہ دیکھا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :