کوئٹہ، رمضان المبارک تربیت جہاد ، تزکیہ نفس اور غلبہ اسلام کا مہینہ ہے، سید خالد حسین بخاری

قرآن و سنت سے روگردانی کی وجہ سے آج ہم بے پناہ مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں‘صدر تحریک محنت پاکستان

اتوار 14 جون 2015 17:09

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء ) تحریک محنت پاکستان کے مرکزی صدر سید خالد حسین بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک تربیت جہاد ، تزکیہ نفس اور غلبہ اسلام کا مہینہ ہے۔ قرآن و سنت سے روگردانی کی وجہ سے آج ہم بے پناہ مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں‘ ہمارے تمام مسائل کا حل بابرکت اسلامی انقلاب سے ہی ممکن ہے‘ تحریک اسلامی کے کارکن کا مقصد زندگی اللہ تعالیٰ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کا نفاذ ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران تحریک محنت کوئٹہ کے زیر اہتما م استقبال رمضان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر کوئٹہ کے صدر سلطان محمدمحنتی ، سیکرٹری صلاح الدین کاکڑ بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں علم وعمل کا وہ راستہ دکھاتا ہے جس پر چل کر انسان ایک کامل بندہ مومن بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا وآخرت کی کامیابی بھی دراصل دین فطرت پر عمل کرنے میں ہی مضمر ہے۔

اللہ نے اسلام کو مکمل دین بناکر عطا کیا ہے،رمضان المبارک ایثار اور محبت کا درس دیتا ہے ، معاشرے میں جو بگاڑ ہے اس کی وجہ سے رب کے نظام سے بغاوت اور دین سے دوری ہے ،دین نے دشمنوں کو بھی بھائی بنادیا اور لادینیت کی وجہ سے کلمہ گو مسلمان ایک دوسرے کے دشمن بن گئے ہیں ہم نے اصلاح معاشرے کا کام چھوڑ دیا تو ہم پر بگڑے ہوئے لوگ مسلط ہوگئے ہیں اگر ہم نے ملک کو بچانا ہے اور گمراہ اور دین سے باغی قیادت سے نجات حاصل کرنی ہے تو ہمیں چاہیے کہ قرآن کو مضبوطی سے تھام لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک روزہ اور جہاد کا پیغام لے کرآتاہے۔ بڑے بڑے بندٹوٹ جاتے ہیں۔ مگر رب کی چاہت کا احساس ہوتو یہ بند نہیں ٹوٹتا۔ قرآن کی تعلیمات کو پس پشت ڈالنے والوں کا انجام قرآن نے یہ بیان کیاہے کہ دنیا کی ہرزندگی ان کے لیے تنگ کردی جائے گی اور روزقیامت اندھے کرکے اٹھائیں گے۔