چکلالہ کینٹ کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی

لالکڑتی کے علاقے میں معیاری پیتھالوجی لیبارٹری قائم کر دی گئی ،کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر رانا خلیل احمد کی بات چیت

اتوار 14 جون 2015 17:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء )چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر رانا خلیل احمد نے کہا ہے کہ چکلالہ کینٹ کے شہریوں کو صحت و صفائی کی ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور کینٹ کے مکینوں کو صحت کی سہولیات کی بہم رسانی کے لیے لالکڑتی کے علاقے میں معیاری پیتھالوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سے ہر قسم کے ٹیسٹ رعایتی قیمت پر کرائے جا سکتے ہیں ۔

اپنے ایک انٹرویو میں سی ای او چکلالہ کینٹ رانا خلیل احمد نے کہا کہ چکلالہ کینٹ کی انتظامیہ شہریوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی بروقت مرمت سمیت صفائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جا تا ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ کیپ دی کینٹ گرین مہم کے تحت چکلالہ کینٹ میں گھر گھر پودے تقسیم کرنے کی مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ پودے تقسیم کیے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ چکلالہ کینٹ کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لیے بہت جلد پھر شجر کاری مہم شروع کی جائے گی اور شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے جائیں گے ۔سی ای او رانا خلیل نے کہا کہ چکلالہ کینٹ میں پیتھالوجی لیبارٹری کے قیام کو شہریوں نے سراہا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ ڈھیری حسن آباد میں پہلے ہی کینٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایک ڈسپنسری کام کر رہی ہے جہاں سے سیکڑوں مریض روزانہ مستفید ہوتے ہیں ۔