چیئرمین سینیٹ نے ڈی جی رینجرز سندھ کے بیان پر بحث کیلئے تحریک التواء کو ایوان بالا کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا،پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا بیان

اتوار 14 جون 2015 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون۔2015ء) پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ کے غیر قانونی رقوم کے حوالے سے بیان پر بحث کیلئے تحریک التواء جمع کرائی تھی،چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے(کل) پیر کو معمول کا ایجنڈا معطل کرتے ہوئے اس معاملے کو اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو اپنے ایک بیان میں میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں (کل) پیر کو ڈی جی رینجرز کے کراچی میں سالانہ 230 ارب روپے بھتہ، تیل کی سمگلنگ، غیر قانونی طور پر پانی فروخت کرنے، زمین پر قبضہ و دیگر غیر قانونی ذرائع سے کمائے جانے کے حوالے سے بیان پر بحث کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈی جی رینجرز کے مذکورہ بالا بیان کے حوالے سے ایک تحریک التواء جمع کرائی تھی جبکہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے معمول کا ایجنڈا معطل کرتے ہوئے اس معاملے کو آج کے سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹر فرحت اللہ بابر کی تحریک التواء پر ڈی جی رینجرز کے بیان پر بحث مکمل ہونے پر سینیٹ کا بجٹ اجلاس جاری رہے گا۔