وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں ہونیوالی بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا

پیر 15 جون 2015 11:54

اسلام آباد /بھکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں ہونیوالی بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور اور دیگر شہروں میں موسم خوشگورا ہو گیا ، موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان ، کشمیر، جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کہیں گہرے اور کہیں ہلکے بادلوں کا راج رہا۔ٹھنڈی ہواوٴں کے دوش پر درختوں کے لہراتے پات جھومتی ڈالیاں اور سرگوشیاں کرتے پھولوں نے شہر اقتدار کا موسم دلکش بنادیا۔ ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے سیاحوں کے وارے نیارے کر دیئے۔ لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار رہا۔

(جاری ہے)

موسم کا حال بتانے والوں نے یہ نوید سنا رکھی ہے کہ باران رحمت کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ ملتان میں بادلوں نے آسمان پر سائبان تان رکھا ہے۔ بادلوں کا اکٹھ بتا رہا ہے کہ کسی بھی وقت گرج اور برس سکتے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق گلگت بلتستان ، کشمیر جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان ، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، ژوب ، سکھر ، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پرتیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :