اسلام آباد : بھارت سے پانی ا ور مسئلہ کشمیر سے ہٹ کر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے، مشیر خارجہ سر تاج عزیز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 جون 2015 12:01

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15 جون 2015 ء) : دو روزہ 10 ویں سارک یو جی سی ہیڈز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر اور پانی کے معاملات ایجنڈے میں نہ ہوں تو پاک بھارت مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، پاکستان مخالف بیانات بھارتی سیاسی قیادت کے جنگی ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منگل کو جدہ میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں یمن، سعودی عرب تنازعہ اور برما مسلمانوں کی حالت زار پر بات چیت ہو گی۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی حکومتوں کو تعلیم اور صحت پر زیادہ رقوم خرچ کرنا ہوں گی۔ ترقی یافتہ ممالک جنوبی ایشیاء کے بہترین ٹیلنٹ کو سکالرشپس کے نام پر اپنے ملکوں میں لے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دوستی ممکن نہیں تو لڑائی بھی نہیں چاہتے، بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن مسائل کے حل کے لئے مذاکرات بھارت کی شرط پر نہیں ہو سکتے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت سے اُس کی شرائط پر مذاکرات نہیں ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ معاملہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نوٹس میں لا رہے ہیں، سر تاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری سے کچھ لوگ ناخوش ضرور ہیں لیکن پاک چین اقتصادی راہداری کو کوئی خطرہ نہیں، اقتصادی راہداری صرف ایک سڑک نہیں بلکہ اس کے ساتھ کئی منصوبے منسلک ہیں۔