پرویز الٰہی کے خلاف بیان دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں‘ میاں کامران سیف

پیر 15 جون 2015 14:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پردیز الٰہی کے خلاف بیان دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،ان کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں کہ ان کے دور حکومت میں عوام کے ساتھ کتنا ظلم ہورہا ہے ، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا پرویز الٰہی کا جرم ہے تو وہ یہ جرم بار بار کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدر ی پرویز الٰہی کے خلاف بولنے والے لیڈر نہیں بلکہ وہ اپنی سرکاری نوکریوں کو محفوظ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ کرپشن کرتے وقت کوئی ان کے ہاتھ نہ روکے۔میاں کامران سیف نے کہا کہ صرف لاہور میٹرو بس پر سالانہ اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دینا اور اس کے بعد راولپنڈی میٹرو اور اب ملتان میٹرو منصوبہ شروع کرنا یہ بات ثابت کرتا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے خون پسینے کی کمائی ایسے نام نہاد منصوبوں میں جھونک رہے ہے جس سے اس کے اپنے اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے بلکہ حکومت اربوں روپے سبسڈی کے نام پر خرچ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت میں غریبوں کیلئے بجٹ پیش کیا جبکہ موجودہ حکمرانوں نے غریبوں کو مارنے کا بجٹ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی تعریف کرنے والے وزراء دور دراز کے علاقوں میں جاکر دیکھیں کہ عوام کن کن مشکلات کے تحت سفر کررہے ہیں ۔