سندھ پولیس کی مضبوطی سندھ میں قیام امن کی ضمانت ہے، صوبہ سندھ میں جرائم میں کمی کا سہرا وزیراعلیٰ ،سندھ پولیس کو جاتا ہے ، آصف زرداری

پیر 15 جون 2015 14:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی مضبوطی سندھ میں قیام امن کی ضمانت ہے اور صوبہ سندھ میں جرائم میں کمی کا سہرا وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت سندھ پولیس اور آئی جی سندھ کو جاتا ہے ، ضرب عضب کی کامیابی اور آپریشن میں حصہ لینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں ،اگر کوئی پولیس افسر ڈیوٹی کے دوران شہید ہو جائے تو اس کے خاندان کو تاحیات تنخواہ اور اس کے بیٹے کو نوکری دی جائے گی۔

پیر روز سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں 25 ویں ایلیٹ فورس پاسگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جس طرح مسلح افواج میں سپاہیوں کا خیال کیا جاتا ہے اسی طرح پولیس میں بھی سپاہی کا خیال رکھا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ پولیس میں بھی اب افواج کی طرح شہادت کے بعد گھر اور مراعات دی جائیں گی۔

جبکہ ڈیوٹی پر موجود افسران کے لیے بھی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس کے شہداء کے حوالے سے بتایا کہ شہیدوں سے ہم نے طاقت لی ہے اور آج ہم ان شہداء کو سلام کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے جس میں افواج پاکستان نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردی کی ملک میں کمر توڑ دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواج کی طرز پر پولیس فورس تیار کی جائے گی اور ان کے تمام مسائل کا حل کیا جائے گا کیونکہ پولیس کے مسائل صرف ان کے نہیں بلکہ ہم سب کے ہیں۔ آصف علی زرداری نے سندھ پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح فوجی جوان ، نیوی ، فضائیہ اور رینجرز کے اہلکار اپنے افسروں کا خیال رکھتی ہے اسی طرح سندھ پولیس کو بھی اپنے افسروں سے پہلے قربانیاں دینی چاہیں سابق صدر نے خواہش کا اظہار کیا کہ میں آج بھی شہداء کی صف میں کھڑا ہونا چاہتا ہوں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ شہداء کے خاندانوں کو مکمل تنخواہیں دے اور شہداء کے بچو کو نوکریاں فراہم کرے اور دیگر مراعات دینے کا بھی اعلان کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف عضب کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور اس کی بھرپور کامیابی پر آپریشن میں حصہ لینے والے افواج کے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ دے کر پاکستان کی سلامتی کو قائم رکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :