پاور کمپنیوں کو مقررہ ٹیرف کے حصول میں ناکامی

پیر 15 جون 2015 15:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پاور کمپنیوں کو مقررہ ٹیرف کے حصول میں ناکامی کے باعث حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کے لئے سبسڈی میں ایک سو چار ارب روپے اضافہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال حکومت نے پاور سیکٹر کے لئے سبسڈی کی مد میں ایک سو پچاسی ارب روپے رکھے تھے، جو اب ایک سو چار ارب روپے بڑھ کر دو سو نواسی ارب روپے تک پہنچ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسکوز کی جانب سے مقرر کردہ ٹیرف کے مطابق فاٹا اور آزاد کشمیر سے بجلی کی قیمت کے حصول میں ناکامی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے حکومت پاور کمپنیز کو سبسڈی دینے پر مجبور ہے، ڈسکوز کے لئے سبسڈی پنتالیس ارب روپے اضافے سے ایک سو پچانوے ارب روپے تک پہنچ گئی، اسی طرح کے الیکٹرک کے لئے انتیس ارب کے بجائے ساٹھ ارب روپے، فاٹا کے لئے پانچ ارب کے بجائے چودہ ارب روپے، زرعی ٹیوب ویلز کے لئے ایک ارب کے بجائے چار ارب روپے اور آزاد کشمیر کے لئے سولہ ارب ساٹھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ وفاقی بجٹ میں آزاد کشمیر کے لئے سبسڈی کی مد میں ایک پیسہ بھی نہیں رکھا گیا تھا۔