الیکشن ٹربیونل فیصل آباد ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت کل کرے گا

پیر 15 جون 2015 16:34

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) الیکشن ٹربیونل فیصل آبادو سرگودھا ڈویژنز کے جج جاوید رشید محبوبی ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 78شہری نشست جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت کل (منگل کو) کریں گے جبکہ اس موقع پر وکلاء حتمی دلائل دیں گے ۔عدالتی ذرائع نے بتایاکہ مولانا محمد احمدلدھیانوی بنام راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کی دائر کردہ الیکشن پٹیشن نمبر 119/2013 ، شیخ دانیال اقبال کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 391/2013 ، محمد سعید اختر کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 208/2013 اور طارق اسلم کی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر درخواست زیر دفعہ 76-A کے تحت سماعت کیلئے تاریخ پیشی آج مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ اور مذکورہ حلقہ سے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی ، شیخ دانیال اقبال ، ماسٹر محمد سعید اختر اور ایک شہری شیخ طارق اسلم کی جانب سے کامیاب امیدوار راشد ہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداریوں میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردینے کی استدعا کی گئی تھی ۔

11 مئی 2013ء کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78جھنگ II شہری نشست سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب نے 42870 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 40938 ، پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ابوالحسن انصاری نے 10217 ، آزاد امیدوار شیخ دانیال اقبال نے 8665، آزاد امیدوار وقاراحمد انصاری نے 5950 ، آزادامیدوار سید اختر عباس شیرازی نے 2725، پی ایم ایل (ق)کے امیدوار استقلال حسین قیصر نے 388، جماعت اسلامی کے امیدوار محمد طارق فاروق صابری نے 158اور ایم کیو ایم کے امیدوار رانا کلیم الرحمن نے 39 ووٹ حاصل کئے تھے۔