ماہ صیام کے دوران گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کیلئے مختلف محکموں کے 54 افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات تفویض

پیر 15 جون 2015 16:34

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) ماہ صیام کے دوران اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے اور گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کیلئے فیصل آباد کے مختلف محکموں کے 54 افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات تفویض کردیئے گئے ہیں اور انہیں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی مطلوبہ مقدار میں فراہمی ، مہنگائی کو کنٹرول اور ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل کی جانب سے خصوصی نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ جن افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات دیئے گئے ہیں انہیں متعلقہ علاقے بھی تفویض کردیئے گئے ہیں جہاں اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کے ذمہ دار مذکورہ افسران ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان افسران میں اسسٹنٹ کمشنر ز ، تحصیلدار، نائب تحصیلدار ، ٹی ایم اوز ، ٹاؤن آفیسرز ، سیکرٹریز مارکیٹ کمیٹی ، ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر ، ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک وغیرہ شامل ہیں۔