حکومت کی بہترین حکمت عملی کی بنا ء پر ڈینگی لاروے پر قابو پایا گیا، سیف الملوک کھوکھر

پیر 15 جون 2015 16:37

لاہور ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) انٹرنیشنل اینٹی ڈینگی ڈے کے موقع پر پیر کو محکمہ کوآپریٹو کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین مرغزار کالونی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد ہوا-اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر ، ڈپٹی سیکرٹری کوآپریٹو محسن بلال، اسسٹنٹ کمشنر اقبال ٹاؤن علی شہزاد، ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو سیٹھ محمد اقبال، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو فرخ حیات پنوں اور کالج کی پرنسپل روبینہ قمر کے علاوہ معززین شہر اوراساتذہ کی کثیر تعداد موجودتھی-ممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے بہترین حکمت عملی کی بنا پر ڈینگی لاروے پر قابوپالیا ہے اور یہ اللہ تعالی کی خصوصی رحمت ہے کہ اس سخت گرم موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش تقریبا رک گئی ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر صوبہ پنجاب میں ڈینگی لاروا کو جس طرح پابند سلاسل کیا گیا ہے وہ صرف بہترین حکمت عملی کی بنا پر ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ بچوں سے لے کر بڑوں تک نے اس سے بچاؤ کی تدابیر کو اپنا کر جو شعور یافتہ ہونے کا ثبوت دیا ہے یہ اس کا نتیجہ ہے کہ اب تک کسی بھی جگہ سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہ آنے پایا ہے- انہوں نے کہا کہ جلد ڈینگی لاروے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا-دیگر شرکاء نے بھی اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹاؤن بھر میں ٹائر شاپس ، گندے پانی کے جوہڑوں ، قبرستانوں اور د یگر مقامات سے ڈینگی لاروے کو ختم کیا جارہا ہے اور صفائی نصف ایمان کو اپنا کر ہی ہم اس پر بھرپور قابو پاسکتے ہیں-