آصف زرداری کا ہاشوانی اور انکی کتاب کے پبلشر کیخلاف دعویٰ

میرے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے گئے ،کتاب کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے،سابق صدر

پیر 15 جون 2015 18:22

آصف زرداری کا ہاشوانی اور انکی کتاب کے پبلشر کیخلاف دعویٰ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)سابق صدراور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے معروف صنعتکار صدر الدین ہاشوانی کی کتاب میں لگائے گئے الزامات کے خلاف مصنف اور پبلشرکے خلاف 2 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔صدر الدین ہاشوانی کی کتاب میں لگائے گئے الزامات پرسابق صدرآصف علی زرداری نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کتاب میں ان پر لگائے گئے الزامات کے خلاف مصنف اور پبلشر کے خلاف 2 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست قابل سماعت ہونے کے دلائل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔آصف علی زرداری نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مصنف نے اپنی کتاب سچ کا سفر جو نومبر 2014 میں شائع ہوئی، میں ان کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔آصف علی زرداری نے کتاب کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔