Live Updates

لاہورہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

آئندہ سماعت پر صوبہ بھر کا ڈیٹا فراہم کریں جس سے معلوم ہو سکے کہ قیمتوں کو کیسے کنٹرول کیا جارہا ہے‘جسٹس فرخ عرفان خان کا متعلقہ حکام کو حکم

پیر 15 جون 2015 18:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومتی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔ سوموار کے روز لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔ اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل روز مرہ استعمال کی اشیاء چاول‘ گھی ‘ چینی ‘ آٹا اور بیسن وغیرہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے اور حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

عدالتی حکومت پر سیکرٹری انڈسٹریز نسیم صادق نے پیش ہو کر بتایا کہ قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس پر عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر صوبہ بھر کا ڈیٹا فراہم کریں جس سے معلوم ہو سکے کہ قیمتوں کو کیسے کنٹرول کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے قرا ر دیا کہ آپ چین کو دیکھیں کہ اتنی بڑی آبادی والا ملک کیسے قیمتوں کو کنٹرول کرتا ہے ۔

عدالت نے سیکرٹری انڈسٹریز سے استفسار کیا کہ رمضان المبارک میں حکومت نے عوام کو کیا ریلیف دیا ہے جس پر نسیم صادق نے کہا کہ حکومت نے گھی کی قیمتوں میں کمی کی ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ گھی کی قیمت کم ہونے میں حکومت کا کوئی کمال نہیں ، یہ کمی عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت کم ہونے کے باعث ہوئی ہے ۔ عدالت نے مزید سماعت 18جون تک ملتوی کرتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :