پنجاب کا بجٹ عوام دوست بجٹ ہے جس سے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی میں اضافہ ہو گا، رانا منور غوث

پیر 15 جون 2015 21:45

سرگودھا۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پنجاب حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ عوام دوست بجٹ ہے جس سے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی میں اضافہ ہو گا، ساڑھے چودہ کھرب کے بجٹ سے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے جبکہ عام آدمی کو ریلیف ملے گا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور پچھلے بجٹ کی نسبت نئے مالی سال میں مزدوروں کی اجرت میں ایک ہزار کا اضافہ خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہارممبر صوبائی اسمبلی رانا منور غوث نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں 15.9 فیصد کا اضافہ سے روزگار میں اضافہ ہو گاجبکہ صحت کے شعبہ کو کل بجٹ کا 14.5 فیصد، تعلیم کیلئے 27 فیصد مختص کرنا، نئی یونیورسٹیوں کے قیام اوردس لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان وزیر اعلی شہباز شریف کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کیلئے 258 ارب کا اختصاص، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے 15 فیصد کوٹہ اور پراپرٹی ٹیکس وا سٹامپ ڈیوٹی وغیرہ میں اضافہ نہ کرنا خوش آئند ہے۔انسداد دہشت گردی کیلئے 109 ارب کی رقم اور زراعت کیلئے صرف 40 ارب ناکافی اور تھانہ کلچر کو بہتر بنانے کا فیصلہ درست ہے۔بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے تین سو راب روپے رکھے گئے ہیں جس سے اس خطہ کی ترقی ہو گی۔ سولر پارک کیلئے ڈیڑھ سو ارب مختص کرنا، ایل این جی سے بجلی کی پیداوار اور ہنرمند افراد کو بلا سودی قرضے دینے کا فیصلہ تاریخ ساز اقدامات ہیں دوسرے صوبے بھی پیروی کریں۔