ریڈیو پاکستان میں کام کرنے والے پیشہ ورانہ سٹاف کی صلاحیت کار بڑھانے کیلئے پاکستان براڈکاسٹنگ اکیڈمی کوفعال کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سید عمران گردیزی کا تقریب سے خطاب

پیر 15 جون 2015 21:51

اسلام آباد ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سید عمران گردیزی نے کہا ہے کہ ادارے میں کام کرنے والے پیشہ ورانہ سٹاف کی صلاحیت کار بڑھانے کیلئے پاکستان براڈکاسٹنگ اکیڈمی کوفعال کیا گیا ہے، اس میں نئے آنے والے سٹاف اور عارضی طور پر کام کرنے والے افراد کو بھی تربیت دی جائے گی۔ ڈائریکٹر پروگرام محترمہ نیئر جمال کی ریٹائرمنٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تجربہ کار براڈکاسٹرز پر مشتمل ایک تھنک ٹینک بنانے کا بھی اعلان کیا جو پروگراموں میں مزید بہتری کیلئے کام کرے گا۔

ریٹائرڈڈائریکٹرز پروگرامز شریف شاد، مجتبیٰ عامر اور محترمہ نیئر جمال اس تھنک ٹینک کا حصہ ہوں گی۔ سیدعمران گردیزی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تمام اسٹیشنز سے نئے پروگرامز شروع کئے گئے اور اس سلسلے میں شعبہ پروگرام کو متحرک کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ریڈیو پاکستان کا پیشہ وارانہ سٹاف ادارے کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے تن دہی سے کام کرے گا۔

ڈائریکٹر جنرل نے ریٹائرڈ ہونے والی ڈائریکٹر پروگرامز نیئر جمال کی ریڈیو پاکستان کیلئے خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریٹائرڈ اور حاضر سروس براڈکاسٹرز نے بھی محترمہ نیئر جمال کی ریڈیو پاکستان کیلئے خدمات اور شعبہ پروگرام کی بہتری کیلئے ان کے اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :