لاہور ، لبرٹی مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی ، کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ، 2افراد زخمی

امدادی ٹیموں کوششوں کے باوجود 10گھنٹوں بعد بھی آگ قابو میں نہ آسکی‘ آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ،وزیر اعلیٰ پنجاب کاآتشزدگی کے واقعے کا نوٹس، رپورٹ طلب کر لی

پیر 15 جون 2015 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) لاہورعلاقہ لبرٹی مارکیٹ کے سپر سٹور میں لگنے والی آگ نے کروڑوں روپے کے سامان کو جلا کر رکھ بنادیا ‘پاک فضائیہ کی کوششوں کے باوجود 10گھنٹوں بعد بھی آگ قابو میں نہ آسکی‘ 4منزلہ عمارت کا شیشہ گرنے سے دو افراد معمولی زخمی ‘ آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ‘ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک سمیت دیگر نے امدادی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی لبرٹی مارکیٹ کے پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی معروف لبرٹی مارکیٹ میں قائم جنرل اسٹور صبح ساڑھے پانچ بجے لگنے والی آگ پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ تاحال قابو نہ پاسکا جس پر واسا اور پی ایچ اے کے واٹر ٹینکر بھی منگوانے پڑے‘آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے ریسکیو نے پلازہ سے ملحقہ عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کوانخلا کی ہدایات جاری کیں سر توڑ کوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہ پایا گیا تو شہر کے دیگر علاقوں سے بھی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں مگر اسکے باوجود آگ پر قابو نہ پایا جا سکا جسکے بعد تیزی سے پھیلتی اور چیزوں کو راکھ بناتی بے قابو آگ نے منزل بہ منزل پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

ریسکیو کی نو گاڑیوں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ، واسا اور پی ایچ اے کی گاڑیاں بھی آگ کو بجھانے میں مصروف ہیں ۔ امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی او لاہور اور سی سی پی او امین وینس بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ بھڑکتی آگ پر قابو پانا دشوار ہوا تو پاک فضائیہ کے 4 فائر ٹینڈر بھی آگ بجھانے میں مدد کے لیے آ پہنچے ۔ عمارت سے شیشے گرنے سے دو افراد بھی زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، آگ بجھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ وزیر اعلی شہباز شریف نے آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔