بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ایٹم بم شب برات پر پٹاخے پھوڑنے کیلئے نہیں بنایا ، خواجہ آصف

دوستی کے لئے ملک کے امن اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو بھرپور دفاع کریں گے، اقتصادی راہداری کا اثر پورے خطے پر پڑے گا ضرب عضب کے ذریعے ماضی کا گند صاف کیا جا رہا ہے، کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

پیر 15 جون 2015 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم نے ایٹم بم شب برات پر پٹاخے پھوڑنے کے لئے نہیں بنایا ۔ دوستی کے لئے ملک کے امن اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ ضرب عضب کے ذریعے ماضی کا گند صاف کیا جا رہا ہے ۔اسلام آباد میں کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی تین ریاستوں میں رواں سال انتخابات ہونے والے ہیں اس لئے بھارت پاکستان مخالف کارڈ استعمال کیا جا رہا ہے بھارتی حکمرانوں کے منفی بیانات سے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا ہے ۔

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے ۔ مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان ایٹمی قوت ہے بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو بھرپور دفاع کریں گے ہم نے ایٹم بم شب برات پر پٹاخے پھوڑنے کے لئے نہیں بنایا انہوں نے کہا کہ یمن جنگ میں حصہ نہ بننا پاکستان کے مفاد میں تھا سعودی عرب کو جب بھی دفاع کی ضرورت پڑی پاکستان سب سے آگے ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ افغانستان اور عراق میں جنگوں کی ناکامی امریکی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا ثبوت ہے ۔ امریکہ اپنی خارجہ پالیسی اپنے مفاد کے لئے بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ قومی مفادات کا تحفظ بنیادی حصول ہونا چاہئے اور میڈیا کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ہماری پالیسیاں پاکستان کے مفاد میں ہونی چاہئے ۔ افغانستان کا معاملہ ہو یا بھارت کا ہمیں ہر حال میں قومی مفاد کو مدنظر رکھنا چاہئے ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا اثر پورے خطے پر پڑے گا راہداری منصوبے سمیت پورے خطے کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام پڑوسی ممالک سمیت خطے کے تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن اگر کوئی ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا تو خاموش نہیں رہیں گے ۔ دوستی کے لئے ملک کے امن خود مختاری اور قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ آپریشن ضرب عضب سے ملک کا امن بحال ہو رہا ہے قوم کے مستقبل پر اپنا آج قربان کرنے والے خراج تحسین کے مستحق ہیں شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا اور پاکستان کا امن بحال ہو گا

متعلقہ عنوان :