پنجاب کی مختلف جیلوں میں مزید 9 مجرمان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

منگل 16 جون 2015 11:16

لاہور /ڈیرہ غازی خان /سیالکوٹ /گوجرانولہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء ) پنجاب کی مختلف جیلوں میں نو مجرمان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،سزائے موت کے دو مجرموں کی پھانسی مو خر جبکہ ایک مجرم مدعی سے صلح ہونے پر پھانسی سے لٹکنے سے بچ گیا، گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے،پھانسی کے وقت جیلوں کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔

منگل کو میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کی سنٹرل جیل میں خاتون کے قاتل اللہ دتہ اور تین افراد کو قتل کرنے والے مجرم یونس کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔اسی جیل میں قتل کے مجرم ذوالفقار کی پھانسی سے چند منٹ قبل مدعی سے صلح ہو گئی اور سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

بہاولپور سنٹرل جیل میں خاتون سمیت تین افراد کے قاتل غلام رسول اور ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کرنے والے مجرم اصغر کو پھانسی دی گئی۔

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم مختار احمد کو پھانسی دی گئی جبکہ ایک مجرم خضرحیات کی پھانسی حکم امتناعی آنے پر مو خر کردی گئی۔ڈیرہ غازی خان سنٹرل جیل میں بھتیجے کے قاتل مجرم اصغر کو پھانسی دے دی گئی۔ جہلم کی ڈسٹرکٹ جیل میں رشتہ کے تنازع پر مخالف کو قتل کرنے والے سابق ٹریفک ہیڈ کانسٹیبل عبدالروٴف کو پھانسی دی گئی۔سیالکوٹ کی ڈسٹرکٹ جیل میں تین افراد کے قاتل بشارت کو پھانسی دی گئی، گوجرانوالہ سنٹرل جیل میں بارہ سالہ لڑکی سے زیادتی کے مجرم اشرف کو پھانسی دی گئی جبکہ تین افراد کے قتل کے مجرم سعید کی پھانسی ایک مدعی کی جانب سے صلح ہونے پر مو خر کر دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :