پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں کرانا غلط فیصلہ ہوگا ‘صادق محمد

منگل 16 جون 2015 12:06

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں کرانا غلط فیصلہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) سابق ٹیسٹ اوپنر صادق محمد نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا افتتاحی ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں کروانا ایک غلط فیصلہ ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیئرمین شہریار خان کی سربراہی میں اپنے ایک حالیہ بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کو یو اے ای میں کروایا جائے ۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بیان میں کہا کہ میرے خیال میں شہریار خان اور نجم سیٹھی کو اس حوالے سے دوبارہ سوچنا چاہیے اور اسے (پی ایس ایل کو) پاکستان میں منعقد کروانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے لیے زمبابوے کے کامیاب دورے سے فائدہ اٹھانے کا یہ بہترین وقت ہے جس سے پی ایس ایل سے متعلق سیکیورٹی خدشات دور ہوگئے ہیں۔صادق محمد نے کہا کہ ہمیں بھولنا نہیں چاہیے کہ ہم یو اے ای میں دنیا کی ٹیسٹ ٹیموں کو کھیلنے کے لیے دعوت دیتے رہے ہیں جس میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑی بھی موجود ہوتے ہیں اس لیے وہاں بڑے اسٹارز کو بلالینا کوئی بڑی بات نہیں ہوگی سابق اوپنر نے کہا کہ زمبابوے کے کامیاب دورے کے بعد ہماری کوشش دیگر ٹیسٹ ٹیموں کو پاکستان آنے پر قائل کرنا ہونی چاہیے جو ہمارے نقطہ نظر سے سودمند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک میں چھ سال بعد ٹیسٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر پی سی بی کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دورے کا سہرا شہریار خان کے سر جاتا ہے جنہوں نے دورے کو ممکن بنایا اور پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی انہوں نے کہاکہ اس سیریز میں پیسے نے بڑا کردار ادا کیا تاہم یہ دورہ دونوں پارٹیوں کے لیے فائدہ مند تھا-

متعلقہ عنوان :