پی سی بی نے گورننگ بورڈ میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا

جمعرات 18 جون 2015 11:55

پی سی بی نے گورننگ بورڈ میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) پی سی بی نے گورننگ بورڈ میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، البتہ انھیں ووٹ دینے کا اختیار نہیں ہو گا، فی الحال اس میں شامل واحد کرکٹر اقبال قاسم بھی اگست میں سبکدوش ہو جائینگے، انھیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اہم ذمہ داری سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ شہریار خان نے گذشتہ دنوں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ایک کرکٹ کمیٹی بنا رہے ہیں جو شکیل شیخ کی زیر سربراہی موجودہ کمیٹی کی جگہ لے گی، دلچسپ بات یہ تھی کہ اس کمیٹی میں سوائے شکیل کے دیگر چاروں ارکان سابق کرکٹرز ہی تھے، قبل از وقت اعلان سے موجودہ کمیٹی چیف خبردار ہو گئے۔

دوسری جانب اقبال قاسم کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا انچارج بنانے پر غور ہو رہا ہے، آئندہ چند ماہ میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا جائیگا، ریجنل اکیڈمی کی تکمیل کے بعد اس کے معاملات بھی انہی کے سپرد ہونگے، یاد رہے کہ اقبال قاسم نے نیشنل اسٹیڈیم اسپورٹس کمپلیکس کے معاملات بہترین انداز سے سنبھالے، ماہرین کے مطابق وہ اس پوسٹ کیلیے بھی بہترین انتخاب ثابت ہونگے۔

متعلقہ عنوان :