ایان کی جیل میں 'بی کلاس' کیلئے درخواست

جمعہ 19 جون 2015 15:15

ایان کی جیل میں 'بی کلاس' کیلئے درخواست

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون2015ء) لاہور ہائیکورٹ میں جمعے کو سپر ماڈل ایان علی کے وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت اور جیل میں 'بی کلاس' کے حصول کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل میں ایان علی کو دیا گیا موجودہ کمرہ ماڈل کی ضروریات پوری نہیں کرتا۔

جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے جیل حکام سے ایان علی کو 'بی کلاس' دینے کے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی۔ اس سے قبل بھی ایان علی کی جانب سے جیل میں 'بی کلاس' کے حصول کے لیے دائر کی گئی درخواست میں ان کے وکیل کا موقف تھا کہ ماڈل کو 'بی کلاس' دی جائے کیونکہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور ایک کم آرام دہ طرزِ زندگی کی عادی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم کسٹم حکام نے یہ کہہ کر اس رعایت کی مخالفت کردی تھی کہ چونکہ سپر ماڈل کو منی لانڈرنگ کیس کے تحت گرفتار کیا گیا لہذا وہ جیل میں بی کلاس کی حقدار نہیں ہیں۔ آج یعنی جمعے کو لاہور ہائیکورٹ میں ماڈل کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ماڈل ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے الزام عائد کیا کہ ایان علی نے بورڈنگ کارڈ حاصل کیا اور نہ ہی ان کے پاسپورٹ پر بیرون ملک ایگزٹ کی مہر لگی۔

سردار لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی موکلہ کو منی لانڈرنگ کے قوانین کا علم نہیں تھا جبکہ کسٹم حکام نے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا بے بنیاد مقدمہ درج کررکھا ہے۔ انھوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ایان علی کے خلاف ناکافی گواہوں کی بناء پر درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے سپر ماڈل کی درخواست ضمانت کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ایان علی کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ کرمنل کوڈ پروسیجر کے سیکشن 497 کے تحت درخواست دائر کریں۔ جبکہ کسٹم حکام کو 26 جون کے لیے جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :