شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں میڈیا سماجی تبدیلی کا عنصر کے عنوان پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

میڈیا ایک ایسی طاقت ہے جو انسان کے حقیقی خیالات تبدیل کرتا ہے۔ میڈیا عوام کو آگاہی فراہم کرتا ہے اور ان کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، مقررین کا خطاب

جمعہ 19 جون 2015 22:27

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 جون۔2015ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں پاک یو ایس المنائی نیٹ ورک اور یونیورسٹی کے اشتراک سے میڈیا سماجی تبدیلی کا عنصر کے عنوان پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سید محمد جاوید صادق سابق ایڈوائزر پبلک ڈپلومیسی امریکن قونصلیٹ کراچی سیمینار کے مہمان ِ خصوصی تھے جبکہ ایس پی خیرپو ر ساجد حسین کھوکھر نے اعزازی مہمان کے طور پر سیمینار میں شرکت کی۔

سرفراز علی کوریجو صدر پاک یو ایس المنائی نیٹ ورک نے المنائی نیٹ ورک اور سیمینار کے متعلق آگاہی دی۔انہوں نے نیٹ ورک کے اغراض و مقاصد سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔سید محمد جاوید صادق نے میڈیا خیالات تبدیل کرنے کا ذریعہ اور اس کے مثبت اور منفی اثرات کے عنوان پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا زندگی کے تمام گوشوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہر چیز کو مانیٹر کرتا ہے ۔

کسی بھی چیز کے بارے میں کسی شخص کا خیال حقیقی ہوتا ہے مگر میڈیا ایک ایسی طاقت ہے جو انسان کے حقیقی خیالات تبدیل کرتا ہے۔ میڈیا عوام کو آگاہی فراہم کرتا ہے اور ان کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے ۔ میڈیا عوام کی صلاحیات میں اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے میڈیاکے منفی اثرات سے بھی آگاہی دی۔ سید جاوید صادق نے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو ایسا نتیجہ خیز سیمینار منعقد کروانے پر سراہا۔

ساجد حسین کھوکھرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سماجی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔ میڈیا کی وجہ سے انسانی حقوق پر قانون سازی ہوئی ہے۔ نامور صحافی سہیل میمن نے میڈیا کا سماجی تبدیلی میں کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ایک طاقت ہے۔ یہ اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ اور انصاف فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

عرب بہار سوشل میڈیا کی وجہ سے ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتوڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز نے سیمینار کے منتظمین کو مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کسی بھی موضوع پر عوام میں شعور پیدا کرنے کا وسیلہ ہے۔ ضلعی اطلاعات افسر صاحب خان بھنڈنے بھی سیمینار میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا سب سے پر اثر ہتھیار ہے۔ یہ معلومات کا ذریعہ ہے۔

اس سے قبل المنائی نیٹورک کے جنرل سیکریٹری پروفیسر زین العابدین آریجونے سیمینار میں مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔ آخر میں پاک یو ایس المنائی نیٹ ورک ضلع شہید بینظیر آباد کے صدر عابد لاشاری نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چانڈیو، ڈاکٹر سید منیر احمد شاہ، عنایت اﷲ بھٹی، سراج احمد سومرو، سید منظر عباس زیدی، صاحب خان شیخ ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں سیمینار میں شرکت کی۔ پروگرام کی کاروائی ندیم احمد نے سرانجام دی۔