غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ طویل کئے جانے پرزونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی کا اظہار مذمت

ہفتہ 20 جون 2015 17:47

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے رمضان المبارک کے مہینے میں حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ طویل کئے جانے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل بجلی کی فراہمی سے متعلق بلند و بانگ دعوے کئے اور دوران سحر و افطار لو ڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی پوری قوم کو یقین دہانی کروائی گئی۔

لیکن وفاقی حکومت کے دعووں کے برعکس رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مزید طویل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نت نئے ٹیکسوں سے مزین بجلی کے بلوں کی مکمل ادائیگی کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کسی طور تھمنے میں نہیں آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

اور ہر گذرتے دن کے ساتھ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل سے طویل ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث عبادات میں مصروف شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

نوید احمد قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کئے جانے کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ افسران کو پابند کیا جائے کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصاً سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کا تعطل روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :