کراچی : شہر قائد میں گرمی عروج پر، ہلاکتوں کی تعداد 121 تک جا پہنچی، اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی۔ محکمہ موسمیات نے بھی پیشن گوئی کر دی۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 جون 2015 10:49

کراچی : شہر قائد میں گرمی عروج پر، ہلاکتوں کی تعداد 121 تک جا پہنچی، اسپتالوں ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 22 جون 2015 ء) : شہر قائد کو شدید گرمی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ایسا لپیٹ میں لیا کہ شہریوں کی جان ہی لے لی۔ کراچی میں قیامت خیز گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 121 تک جا پہنچی۔ایدھی انتظامیہ کی جانب سے اب تک ساٹھ لاوارث لاشوں کی تدفین کی گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرتے ہوئے سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد شہر کے مختلف سردخانوں میں میتوں کیلئے جگہ کم پڑگئی۔ کراچی میں درجہ حرارت مسلسل چالیس ڈگری کو عبور کر رہا ہے جبکہ گرمی کی شدت میں کمی نہیں آ رہی۔ جناح اسپتال میں 85،عباسی شہید اسپتال میں 26، جنرل اسپتال میں 9، سول اسپتال میں چھ افراد دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

ان میں سے زیادہ تر کی موت حبس، لو لگنے اور ہیٹ سٹروک کے باعث ہوئی۔

اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے گرمی کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے درجنوں افراد روزے سے تھے جبکہ ضعیف العمر افراد بھی شدید گرمی کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمال کا کہنا تھا بیشتر افراد مردہ حالت میں اسپتال لائے گئے جنہیں نمکیات اور پانی کی شدید کمی تھی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد صدیقی نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

جبکہ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت آج بھی 42 تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں آئندہ کل بارش متوقع ہے جس سے اہل کراچی کو گرمی سے تھوڑا ریلیف ملے گا، اور گرمی کی شدت میں کمی بھی آئے گی.

متعلقہ عنوان :