عالمی نمبر دو راجر فیڈرر نے آٹھویں بار ہالے اوپن کا ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

پیر 22 جون 2015 13:46

عالمی نمبر دو راجر فیڈرر نے آٹھویں بار ہالے اوپن کا ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ ..

ہالے/لندن/برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) سوئس سٹار کھلاڑی عالمی نمبر دو راجر فیڈرر نے آٹھویں بار ہالے اوپن کا ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ قائم کر دیا،انہوں نے ایونٹ کے فائنل میں اٹلی کے اینڈریس سیپی کو شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر ہالے میں ہونے والے گیری کربر اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کا سامنا اطالوی پلیئر اینڈریاس سیپی سے ہوا۔

فائنل میں سوئس سٹار کھلاڑی راجر فیڈرر نے جارحانہ شاٹس کھیل کر اینڈریاس سیپی کو سٹریسٹ سیٹس میں مات دی۔ راجر فیڈرر نے 7-6 ،6-4 سے کامیابی سمیٹ کر مسلسل چوتھی بار اور مجموعی طور پر آٹھویں بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس سے قبل وہ استنبول، دبئی اور برسبین کی ٹرافیز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ہالے ٹورنامنٹ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن کی تیاری کے لیے وارم اپ کے طور پر کھیلا جاتا ہے اور اس فتح سے فیڈرر نے انتیس جون سے شروع ہونے والا گرینڈ سلام جیتنے کے خواہش مند کھلاڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

دوسر ی جانب عالمی نمبر 3 اینڈی مرے نے ایگن ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ لندن میں ہونے والے ایگن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں سکاٹش کھلاڑی اینڈی مرے نے ساوٴتھ افریقا کے کیون اینڈرسن کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ عالمی نمبر 3 اینڈی مرے کی فتح کا سکور6-3 ، 6-4 رہا۔ ویمنز برمنگھم ٹینس ایونٹ میں جرمنی کی اینجلیک کربر نے جموریہ چیک کی کیرولینا پیلیسکووا کو6-7 ،6-3 ، 7-6 سے زیر کرکے ٹرافی پر قبضہ جمایا۔