ویمنز فٹبال ورلڈ کپ ، فرانس ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی کامیابی

پیر 22 جون 2015 15:01

ویمنز فٹبال ورلڈ کپ ، فرانس ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی کامیابی

کینیڈا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء ) ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں فرانس ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل راونڈ میں جگہ بنالی ہے۔ ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میچز میں فرانس اور جمہوری کوریا کی ٹیمیں ان ایکشن ہوئیں۔ فرانسیسی پلیئرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف کھلاڑی کو ایک بھی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔

(جاری ہے)

فرانس کی ٹیم نے تین صفر سے کامیابی سمیٹ کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ جرمن فٹبالرز سے ہوگا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے میری لاری ڈیلی نے دو بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ ایونٹ کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے برازیل کو سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے مات دی۔ کامیاب ٹیم کی جانب سے واحد گول میچ کے 80 منٹ پر کیان سائمن نے کیا۔ راؤنڈ آف 16 کے ہی ایک اور میچ میں کینیڈا کی کھلاڑیوں نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔