ہیراتھ کو قابو کر لینا ہی جیت کا سبب بنا ‘وقار یونس

منگل 23 جون 2015 12:30

ہیراتھ کو قابو کر لینا ہی جیت کا سبب بنا ‘وقار یونس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ہیراتھ کو قابو کر لینا ہی جیت کا سبب بنا ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے کہا کہ بلے بازوں کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے رنگانا ہیراتھ کو بڑے اعتماد سے کھیلا ‘خاص کر سرفراز احمد نے جس اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی اس نے رنگانا ہیراتھ کو دباوٴ سے باہر نہیں آنے دیا۔

وقاریونس نے کہا کہ رنگانا ہیراتھ ورلڈ کلاس بولر ہیں جنھوں نے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دوسری ٹیموں کے خلاف بھی قابل ذکر بولنگ کی ہے تاہم پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں نے ہیراتھ کو جس اعتماد سے کھیلا اس پر انھیں حیرت نہیں ہے کیونکہ انھیں پتہ ہے کہ پاکستانی بیٹسمین بڑے باصلاحیت ہیں۔

(جاری ہے)

وقاریونس نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی جیت میں منظم بولنگ نے کلیدی کردار ادا کیا اور صرف سپنروں نے ہی نہیں بلکہ وہاب ریاض نے بھی عمدہ بولنگ کی اور اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کیں۔

انھوں نے کہا کہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کی ان دونوں نے پاکستان کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ میچ جتوائے ہیں ۔یاسر شاہ اس وقت دنیا کے چند بہترین لیگ اسپنروں میں سے ایک ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ پاکستانی ٹیم گذشتہ کچھ عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آ رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ون ڈے کے مقابلے میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم زیادہ تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہر کھلاڑی کو ٹیسٹ میچ میں اپنی ذمہ داری کے بارے اچھی طرح معلوم ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی ٹیم نے چند کیچ گرائے تاہم مجموعی طور پر اس نے تینوں شعبوں میں سری لنکا سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وقاریونس نے کہا کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوجانا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا دھچکاہے کیونکہ ٹیم جیسے ہی سیٹ ہوتی ہے اس طرح کی صورت حال سامنے آجاتی ہے۔وقار نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ حفیظ اپنا بولنگ ایکشن جلد سے جلد کلیئر کرائیں کیونکہ وہ ٹیم میں پانچویں بولر کی ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ اس کا اثر ٹیم پر نہ پڑے۔