ورلڈ کپ کوارٹر فائنل نہ کھیلنے کا پچھتاوا رہے گا ‘محمد عرفان

منگل 23 جون 2015 12:31

ورلڈ کپ کوارٹر فائنل نہ کھیلنے کا پچھتاوا رہے گا ‘محمد عرفان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء)پاکستان کے طویل القامت فاسٹ باوٴلر محمد عرفان نے 2015 ورلڈ کپ میں آسٹرییا کے خلاف کوارٹر فائنل نہ کھیلنے کو اپنے کیریئر کا سب سے بڑا پچھتاوا قرار دیدیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میں اب بالکل ٹھیک اور فٹ ہوں کیونکہ بحالی کا عمل بہت اچھا تھا لیکن مجھے ابھی بھی بہت پچھتاوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوارٹر فائنل نہیں کھیل سکا حالانکہ یہ ایک بہت بڑا میچ تھا۔

(جاری ہے)

میں ٹورنامنٹ میں بہت پرجوش تھا اور مکمل رفتار کے ساتھ باوٴلنگ کررہا تھا تاہم میرے خیال میں کوئی بھی ایسی چیزوں سے نہیں لڑ سکتا۔اس وقت سے 33 سالہ عرفان انجری سے نجات پانے اور فٹنس کے حصول کیلئے مکمل جدوجہد کر رہے تھے تاکہ عالمی کرکت میں جلد از جلد واپس آ سکیں۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں واپسی کی امید ظاہر کی اور کہا کہ میں سلیکٹرز اور کرکٹ بورڈ کی اجازت سے فیصل آباد میں کھیل رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ میں انجری سے نجات پانے کے بعد کس طرح کھیل پاتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی20 میچوں کیلئے میرے انتخاب پر ضرور غور کیا جائیگا۔