کالاباغ ڈیم کی حمایت پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ مونس الٰہی

کراچی سمیت پورا پاکستان ڈیم کی تعمیر کیلئے اٹھ کھڑا ہو، پاکستان مسلم لیگ کی تحریک میں 80 لاکھ پاکستانی شامل ہو گئے

بدھ 24 جون 2015 17:11

کالاباغ ڈیم کی حمایت پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا خیر مقدم کرتے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ہم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، کراچی سمیت پورا پاکستان اب کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہو، ہماری جماعت کی کالاباغ ڈیم بناؤ تحریک میں پچھلے 6ماہ میں صرف سوشل میڈیا پر 80لاکھ پاکستانی شامل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ کی کالاباغ ڈیم بناؤ تحریک کے نمائندوں اور کنوینر رضوان ممتاز علی کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ مونس الٰہی نے نواز لیگ کی ناقص پالیسیوں خصوصاً جنگلہ بس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی کمی سے نڈھال قوم کو توانائی فراہم کرنے کے بجائے حکمرانوں نے ایک نمائشی منصوبے جنگلہ بس کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے جس کا نتیجہ کراچی و ملک کے دیگرعلاقوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے حالیہ اموات اور مظاہرے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو کالاباغ ڈیم سے2روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کے بجائے نواز لیگ 25روپے فی یونٹ کے منصوبوں پر قومی سرمائے اور وقت کا ضیاع کررہی ہے، اس کا وقت آنے پر کڑا احتساب کیا جائے گا۔ مونس الٰہی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم کی طرح دیگر جماعتیں اور کالاباغ ڈیم مخالف سوچ کے حامل گروپ و افراد بھی اب اپنی سوچ قوم کے بہترین مفاد میں تبدیل کریں گے۔ مونس الٰہی نے کالاباغ ڈیم بناؤ کی کامیاب ملک گیر تحریک چلانے پر شرکاء کی تعریف کی اور انہیں مزید تندہی کے ساتھ ڈیم کی حمایت کیلئے سرگرمیوں میں اضافہ کی ہدایت کی۔