سپورٹس سٹی اور سپورٹس یونیورسٹی کیلئے ماسٹرپلان بنا لیا ،جلد کام شروع ہوگا‘رانا مشہود احمد

پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے، دنیا تعاون کرے، ہالینڈ ہاکی کے کھیل میں تعاون کرے گا،کھلاڑیوں کو تربیت بھی دی جائے گی پنجاب میں سپورٹس کی سرگرمیاں دیکھ کر خوشی ہوئی، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گراس روٹ لیول پر مواقع فراہم کئے گئے ‘کیرل ہارٹوگ کی میڈیا سے گفتگو ہالینڈ کے وفدکا نیشنل ہاکی سٹیڈیم ،سپورٹس بورڈ پنجاب کے ریڈیو شائن، سوشل میڈیا اور کنٹرول روم کا دورہ ، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورنے بریفنگ دی

بدھ 24 جون 2015 17:17

سپورٹس سٹی اور سپورٹس یونیورسٹی کیلئے ماسٹرپلان بنا لیا ،جلد کام شروع ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سپورٹس سٹی اور سپورٹس یونیورسٹی کیلئے ماسٹرپلان بنا لیا ہے، جلد ہی منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائیگا، ہالینڈ کیساتھ ہاکی کے کھیل میں ہر طرح سے تعاون کریں گے، ہالینڈ کے سفارتکار کیرل ہارٹوگ نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نے بہت متاثر کیا ہے، اس میں نوجوانوں کو گراس روٹ لیول پر سپورٹس کے مواقع فراہم کئے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالینڈ کے سفارتی وفد کے دورہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے موقع پر میڈیا اور ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت کیرل ہارٹوگ نے کی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہالینڈ کے ساتھ مل کر ہاکی کے کھلاڑیوں کی تربیت کے پروگرام شروع کر رہے ہیں جس سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کے دروازے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

ہمارے نوجوان کھلاڑی ہالینڈ جا کر کھیلیں گے، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پاکستان کیلئے کھل گئے ہیں۔

حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا، انہوں نے کہا کہ سپورٹس سٹی اور سپورٹس یونیورسٹی کیلئے ماسٹر پلان بنا لیا ہے ، جلد ہی منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائیگا،پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے، دنیا ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ملاقات میں کہا کہ حکومت پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے تمام وسائل فراہم کررہی ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کئی ممالک کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی ہے ماری خواہش ہے کہ ہالینڈ کے ساتھ بھی کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ متعدد بین الاقوامی کھلاڑیوں سے پارٹنر شپ کرکے اکیڈمیاں بنا رہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو بیرون ممالک سے تربیت بھی دلوا رہے ہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے سپورٹس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ہالینڈ کے سفارتکار کیرل ہارٹوگ نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے حوالے سے سرگرمیاں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو سپورٹس کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں، پنجاب یوتھ فیسٹیول نے بہت متاثر کیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ہاکی کے کھیل میں تعاون کریں گے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہت اچھی ہے۔ہالینڈ کے وفد کو ڈاکومنٹری کے ذریعے پنجاب یوتھ فیسٹیول سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وفدنے نیشنل ہاکی سٹیڈیم، سپورٹس بورڈ پنجاب کے ریڈیو شائن، سوشل میڈیا اور سیکورٹی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا جہاں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے وفد کو بریفنگ دی، ریڈیو شائن نے ہالینڈ کے سفارتکار کا انٹرویو بھی کیا، وفد نے جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔