تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرلی

جمعرات 25 جون 2015 13:17

تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرلی

کولمبو ۔ 25 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار سینئر بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرلی، کیریئر کا سواں ٹیسٹ کھیلنے والے پانچویں پاکستانی پلیئر بن گئے۔ یونس خان نے یہ اعزاز جمعرات کو سری لنکا کے خلاف کیریئر کے سویں ٹیسٹ میں شرکت کرکے حاصل کیا، اس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی پلیئر بن گئے، اس سے قبل جاوید میانداد، انضمام الحق، وسیم اکرم اور سلیم ملک بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یونس خان نے 26 فروری 2000ء میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ٹیسٹ میچز کی سنچری بھی اسی ٹیم کے خلاف مکمل کی، عمدہ بیٹنگ کی بدولت ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے منجھے ہوئے بلے بازوں میں ہوتا ہے، انہیں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچز میں زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہیں چوتھی اننگز میں بیک ٹو بیک سنچریوں کی ہیٹرک مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہے، یونس خان کیریئر کے ابتدائی 100 ٹیسٹ میچز میں زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں۔

متعلقہ عنوان :