ٹیم مینجمنٹ نے ابھی حارث سہیل کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، ہارون الرشید

جمعرات 25 جون 2015 15:34

ٹیم مینجمنٹ نے ابھی حارث سہیل کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) پاکستان کے ٹیسٹ بلے باز حارث سہیل کولمبو ٹیسٹ سے قبل کندھے ی انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث انہیں وطن واپس بلایا جا سکتا ہے تاہم چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے ابھی حارث سہیل کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا۔، حارث کے کندھے میں پریکٹس سیشن کے دوران جھٹکا آیا لیکن ٹیم مینجمنٹ ابھی ان کا بہترین بلے بازوں سے معائنہ کرا رہی ہے اور ان کو ٹیم کے ساتھ رکھنے یا وطن واپس بھیجنے کے حوالے سے جلد فیصلہ کر لے گی۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن وہ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی جانب سے مستقل مزاجی سے اسکور کرنے والے بلے باز ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے حارث سہیل کو انجری سے صحتیابی کیلئے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے تاہم ابھی وطن واپس بھیجنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اس موقع پر چیف سلیکٹر نے تسلیم کیا کہ بنگلہ دیش کی ہندوستان کے خلاف سیریز میں فتح سے پاکستان کا چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کا سفر مزید دشوار ہو گیا ہے۔انگلینڈ میں 2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں ستمبر 2015 تک آئی سی سی رینکنگ کی ابتدائی آٹھ پوزیشنز پر موجود ٹیمیں شرکت کی اہل ہوں گی۔ہارون رشید نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد ہم اپنی رینکنگ بہتر بنانے کیلئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :