سعودی عرب میں نمازیوں کے تحفظ کیلئے مردوں کے ساتھ خواتین سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات

جمعرات 25 جون 2015 18:10

سعودی عرب میں نمازیوں کے تحفظ کیلئے مردوں کے ساتھ خواتین سیکیورٹی اہلکار ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی مساجد کی انتظامیہ نے اس بار سیکیورٹی کی صورت حال پر قابو پانے اور نمازیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے مردوں کے ساتھ خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی خدمات حاصل کی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض میں دیگر نمازوں کے علاوہ نماز تراویح میں خصوصی طور پر نمازیوں کے تحفظ کے پیش نظر مرد و زن سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مساجد کے باہر گاڑیوں کی پارکنگ، مساجد کے داخلی اور خارجی راستوں میں نمازیوں کی بھگدڑ مچنے سے روکنے، ٹریفک کی روانی اور نمازیوں کو ہر قسم کی تکیف سے بچانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ نمازوں کے اوقات میں مساجد میں آنے والوں کو تصاویر کے حصول سے بھی سختی سے روکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

خواتین نمازیوں کے تحفظ اور ان کی نگرانی کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کو متعین کیا گیا ہے جو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ان کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے رمضان کے بابرکت ایام میں عبادت میں انہیں سہولت مہیا کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض کی بعض مساجد بالخصوص جامع مسجد الراجحی، شہدا الاندلس کالونی کی جامع مسجد الناصر، شہدا کالونی کی مسجد الدخیل، ام الحمام میں مسجد شاہ خالد، الغدیر کالونی کی مسجد ابن باز اور دیگر مساجد کی انتظامیہ نے نمازیوں کے تحفظ کے لیے قابل قدر انتظامات کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :